جماعتِ اسلامی کا 20ستمبر کو اسلام آباد مارچ ہرصورت ہوگا،لیاقت بلوچ کا اعلان
پٹرول لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری رہے گا،نائب امیر
نائب امیر جماعت اسلامی اور مذاکراتی کمیٹی کے چیئرمین لیاقت بلوچ نے دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ ہر صورت منعقد ہوگا۔پریس ریلیز کے مطابق، لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کا پٹرول لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج رنگ لا رہا ہے اور اس میں تمام مکاتبِ فکر کے افراد بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور انتظامیہ پُرامن احتجاج کو روٹنے کے لیے غیر آئینی اور غیر قانونی ہتھکنڈوں سے اجتناب کرے کیونکہ ہر سیاسی جماعت کو پُرامن احتجاج کا آئینی حق حاصل ہے۔
انہوں نے اکہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حکومتی لیوی نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے اور حکومت نے مقررہ ہدف 1468 ارب روپے کے مقابلے میں گزشتہ ایک سال کے دوران اس مد میں 1567 ارب روپے وصول کیے ہیں، جو کہ عوام کی جیبوں پر براہِ راست ڈاکہ ہے۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ پٹرول پر ریلیف کے نام پر عوام کو پیچیدہ ڈیجیٹل بھول بھلیوں اور بیوروکریسی کے گورکھ دھندے میں الجھانے کی بجائے پٹرول اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں عائد 80 سے 100 روپے تک کی ناجائز لیوی اور ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے۔
ایک اور پیش رفت کے حوالے سے نائب امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے چیئرمین احسن اقبال سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق کے علاوہ سینیئر صحافیوں اور دانشوروں مجیب الرحمن شامی اور قیوم نظامی سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاجی دھرنوں کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا عمل بھی جاری رکھا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق، مذاکراتی کمیٹی کے ارکان وزیراعظم کی پٹرول قیمتوں سے متعلق ٹاسک فورس اور آئی پی پیز ٹاسک فورس کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ 16 ستمبر بروز بدھ حکومت اور جماعتِ اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اہم اجلاس بھی ہوگا۔