ملک میں ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز، لاہور سب سے بڑا ضلع قرار
الیکشن کمیشن کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دو ماہ کے دوران ملک بھر میں تین لاکھ کے قریب نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے۔
ملک میں ووٹرز کی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ سے تجاوز، لاہور سب سے بڑا ضلع قرار
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے مطابق ملک میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ 68 لاکھ 69 ہزار 217 ہو گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، حالیہ دو ماہ کے دوران ملک بھر میں 2 لاکھ 94 ہزار 818 نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ صوبائی سطح پر پنجاب میں ووٹرز کی تعداد 7 کروڑ 75 لاکھ 71 ہزار 216 ہو گئی ہے جہاں دو ماہ میں 94 ہزار 582 نئے ووٹرز کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ سندھ میں ووٹرز کی تعداد 2 کروڑ 87 لاکھ 41 ہزار 92، خیبر پختونخوا میں 2 کروڑ 34 لاکھ 92 ہزار 258، بلوچستان میں 58 لاکھ 154 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 لاکھ 64 ہزار 497 ہو گئی ہے۔
انتخابی ادارے کے مطابق لاہور 74 لاکھ 12 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کے ساتھ ملک کا سب سے بڑا ضلع قرار پایا ہے، جبکہ فیصل آباد میں 55 لاکھ 83 ہزار 461 اور راولپنڈی میں 34 لاکھ 95 ہزار ایک ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ اِس کے علاوہ کراچی کے مختلف اضلاع میں بھی بڑی تعداد میں ووٹرز موجود ہیں جہاں صرف کراچی سینٹرل میں 22 لاکھ 77 ہزار 495 ووٹرز درج ہیں۔ بلوچستان کے حوالے سے کوئٹہ 9 لاکھ 48 ہزار سے زائد ووٹرز کے ساتھ صوبے کا سب سے بڑا ضلع ہے۔ اعداد و شمار میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں خواتین ووٹرز کی تعداد 6 کروڑ 39 لاکھ 27 ہزار 116 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان فرق 90 لاکھ 14 ہزار 985 ہے۔