قومی ویمنز فٹبال ٹیم کی رینکنگ مردوں سے بہتر ہے،صدر پی ایف ایف
پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کامیابی کے پیچھے بہت محنت ہے،محسن گیلانی کا تقریب سے خطاب
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستان کی ویمنز فٹبال ٹیم کی رینکنگ مردوں کی فٹبال ٹیم سے بہتر ہے، یہ بات صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن محسن گیلانی نے اسلام آباد میں ویمن فٹبال اسٹریٹیجی 2026-30 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
محسن گیلانی نے کہا کہ فیفا کے ساتھ مل کر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ویمن فٹبال اسٹریٹیجی تیار کی ہے۔ رواں سال پاکستان ویمن فٹبال ٹیم نے پہلی بار فیفا ٹورنامنٹ میں تاریخ رقم کی اور حالیہ فیفا ٹورنامنٹ میں 8 گول سے کامیابی حاصل کی۔
صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کامیابی کے پیچھے بہت محنت ہے۔ خواتین کو فٹبال کی طرف راغب کرنے کے لیے ماحول بنایا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان مینز فٹبال ٹیم کی مینیجر پہلی بار ایک خاتون کو بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف خواتین کھلاڑی ہی نہیں بلکہ خواتین کوچز اور ریفریز بھی پاکستان کے لیے سامنے لانا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینا ہے تو حکومت کا ساتھ بہت ضروری ہے۔
محسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ، صوبائی اسپورٹس بورڈز اور وزارت بین الصوبائی رابطہ پی ایف ایف کی کافی مدد کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یوتھ لیول پر ٹیلنٹ تلاش کیا جائے گا اور انڈر 15 قومی ویمن ٹیم بنائی جائے گی، جو آئندہ سال فیفا ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی۔
صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ قومی خواتین کی لیگ آج تک پاکستان میں نہیں ہوئی، البتہ قومی ویمن چیمپئن شپ ضرور ہوئی ہے۔ ہوم میچز میں کافی وسائل استعمال ہوتے ہیں، خواتین فٹبال میچز کے لیے سیریز شیڈول کرنا پڑیں گی کیونکہ ایک میچ کے لیے وسائل استعمال کرنا مہنگا پڑتا ہے۔
محسن گیلانی نے کہا کہ جب بھی بیرون ملک جاتا ہوں، دیگر فٹبال بورڈز ہمیشہ کہتے ہیں کہ وہ پاکستان کی ویمن فٹبال ٹیم کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فٹبال گورننس ہمیشہ سے پاکستان میں مسئلہ رہی ہے۔ فیفا کے ساتھ مل کر ورکشاپ کی گئی ہے، جس سے پی ایف ایف میں شفافیت لائی جا سکتی ہے۔