انڈونیشیا کے بحری سربراہ کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات
ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فوٹو آئی ایس پی آر
راولپپنڈی: انڈونیشین نیوی کے چیف ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج کے سپہ سالار اور چیف آف ڈیفنس فورسز (COAS & CDF) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے موجودہ ملٹری ٹو ملٹری (عسکری) تعلقات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی شعبے میں شراکت داری اور مشترکہ عسکری مشقوں کی فراہمی میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو بالخصوص دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاکستان مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔