فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنانی وزیر داخلہ کی ملاقات،سیکیورٹی تعاون پر گفتگو

پاکستان اور لبنان کے درمیان سیکیورٹی شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

September 14, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے پاکستان کے دو روزہ دورے کے دوران جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال اور سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

لبنانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔