مفت پیٹرول اسکیم رجسٹریشن کیلیے اسلام آباد سے 6 لاکھ ایس ایم ایس موصول، 43 ہزار رجسٹرڈ
وزیراعظم نے سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کے لیے درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے اسلام آباد سے 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہوچکے جن میں سے 42 ہزار 933 کو رجسٹرڈ کرلیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرول ریلیف اسکیم سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشا اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے سبسڈی ریلیف حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کے لیے درکار ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت کردی، اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع کردی جائے گی جبکہ ملک بھر بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پٹرول پر ریلیف حاصل کیا جا سکے گا۔
وزیراعظم نے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی عوام کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو عوام کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ رضاکار عوام کو فیول سبسڈی اسکیم کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں رہنمائی فراہم کریں۔ وزیراعظم نے فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی، پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر آگاہی مہم کو تیز رفتاری سے چلایا جائے۔