لاہور : سہیل آفریدی کا ڈرامائی احتجاج، پولیس کی وین پر چڑھ گئے
سہیل آفریدی کے وین سے اترنے سے مسلسل انکار کے بعد پولیس اہلکاروں نے مزید وقت ضائع کیے بغیر وزیراعلیٰ سمیت پریزن وین کو موقع سے لے کر روانہ ہو گئے۔
فائل فوٹو
لاہور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا قافلہ جیسے ہی لاہور کے مشہور مال روڈ پر واقع ریگل چوک پہنچا تو صورتحال انتہائی کشیدہ اور ڈرامائی رخ اختیار کر گئی۔ احتجاج کے دوران سہیل آفریدی اچانک سڑک پر کھڑی پولیس کی پریزن وین کے اوپر چڑھ گئے۔
پریزن وین کی چھت سے کارکنوں اور ميڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میں یہاں کسی کو تنگ کرنے نہیں آیا، بلکہ مجھے اور میری پارٹی کو بلاجواز تنگ کیا جا رہا ہے۔ جب تک ہمارے تمام گرفتار کارکنوں کو فوری طور پر رہا نہیں کیا جاتا، میں یہاں سے ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھوں گا۔
وزیراعلیٰ نے پولیس انتظامیہ کی جانب سے پریزن وین سے نیچے اترنے کی متعدد درخواستوں کو رد کر دیا۔ سہیل آفریدی کے وین سے اترنے سے مسلسل انکار کے بعد پولیس اہلکاروں نے مزید وقت ضائع کیے بغیر وزیراعلیٰ سمیت پریزن وین کو موقع سے لے کر روانہ ہو گئے۔
اس واقعے کے بعد مال روڈ پر موجود کارکنوں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید نعرے بازی دیکھنے میں آئی۔ انتظامیہ نے مزید کشیدگی سے نمٹنے کے لیے علاقے میں بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔