پاکستان کسٹمز کی بڑی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کا امریکی اور ترکی ساختہ اسلحہ برآمد
یارک چیک پوسٹ پر خفیہ اطلاع پر کارروائی، اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی اور اسلحہ ضبط
پاکستان کسٹمز کا لوگو۔
پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کے عملے نے جوائنٹ چیک پوسٹ یارک پر ایک کامیاب کارروائی کے دوران 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کا بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر سدرا شریف کے مقام پر عمل میں لائی گئی۔
پریس ریلیز کے مطابق کسٹمز عملے کو دیکھ کر گاڑی کا ڈرائیور موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ حکام نے گاڑی اور اس میں موجود اسلحے کو سرکاری تحویل میں لے لیا ہے۔ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ برآمد شدہ اسلحے میں جدید اور غیر ملکی ساختہ ہتھیار شامل ہیں۔
کسٹمز دستاویز کے مطابق قبضے میں لیے گئے اسلحے میں 4 امریکی ساختہ ایم 4 رائفلیں (5.56 ملی میٹر)، دو جی تھری رائفلیں بمعہ ایک میگزین، 42 میگ ہل پی میگ ڈی-60 میگزین، ایم 4 کے 20 خالی میگزین اور اے کے-47 کے 40 خالی میگزین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ترکی ساختہ 18 ٹِسا زیگانا پستول (بمعہ دو دو میگزین)، 30 بیریٹا پستول جن میں 25 امریکی اور 5 اطالوی ساختہ شامل ہیں، دو بغیر نشان والی شاٹ پستولیں اور چین ساختہ 30 بور کے 120 پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق گولہ بارود کی بھاری کھیپ میں اے کے-47 کے 900 اور 2700 راؤنڈز، 30 بور پستول کے 3500 راؤنڈز اور پاک شاہین کے 12 بور کے 1600 کارتوس بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔ واقعے کے بعد متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔