ممکنہ سیلاب کے پیش نظر وزیراعظم نے اداروں کو ہائی الرٹ کردیا
مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
فائل فوٹو
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر تیار رہنے اور عوام کو بروقت امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ امدادی سامان کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مسلسل اور مؤثر رابطہ رکھنے کی ہدایت کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو مون سون کی موجودہ صورتحال، آئندہ متوقع بارشوں اور مختلف صوبوں میں متعلقہ اداروں کے درمیان جاری تعاون سے آگاہ کیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں کیے گئے پیشگی اقدامات کے باعث متعلقہ ادارے مون سون کے دوران صورتحال کی مؤثر نگرانی کررہے ہیں۔
این ڈی ایم اے حکام کے مطابق ملک بھر میں کسی بھی ہنگامی موسمی صورتحال کی صورت میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے لیے متعلقہ ادارے تیار ہیں۔