اسلام آباد: پاکستان اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے درمیان چشمہ-5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے سیف گارڈز معاہدے پر دستخط ہو گئے۔
چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور اور ڈی جی آئی اے ای اے رافیل ماریانو گروسی نے معاہدے پر دستخط کیے۔
سی-5 سیف گارڈز معاہدے کی تقریبِ دستخط میں چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی کے چیئرمین شان ژونگ ڈے نے بھی شرکت کی۔
آئی اے ای اے بورڈ آف گورنرز نے مارچ 2026 میں سی-5 سیف گارڈز معاہدے کی متفقہ منظوری دی تھی۔ معاہدہ پاکستان کے پرامن ایٹمی عزم اور بین الاقوامی عدم پھیلاؤ کی ذمہ داریوں پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔
اعلامیے کے مطابق چشمہ-5 پر کام تیزی سے جاری ہے، ری ایکٹر بلڈنگ کے گنبد کی تنصیب بھی وقت سے پہلے مکمل کر لی گئی ہے۔
1200 میگاواٹ کا چشمہ-5 نیوکلیئر پاور پلانٹ 2028 میں بجلی کی پیداوار شروع کرے گا، سی-5 کی تکمیل سے قومی گرڈ کو سستی، کم کاربن اور پائیدار بجلی فراہم کی جا سکے گی۔
پاکستان اس وقت 3530 میگاواٹ صلاحیت کے 6 نیوکلیئر پاور پلانٹس کامیابی سے چلا رہا ہے۔
چیئرمین پی اے ای سی اور چیئرمین سی اے ای اے کی ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں پرامن ایٹمی تعاون کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔