حکومت نے اتنا تو ریلیف نہیں دیا ، جتنے کے اشتہارات چلوا دیے ،حافظ نعیم الرحمٰن
دو روز کے بعد اسلام آباد مارچ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔کراچی میں جلسہ عام سے خطاب
فائل فوٹو
کراچی: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پرعوام کو اتنا تو ریلیف نہیں دیا جتنے کے اشتہارات چلوا دیے، قوم کو ریلیف کی بھیک نہیں بلکہ اپنا حق چاہیے، دو روز کے بعد اسلام آباد مارچ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہاؤس دھرنے کے 31ویں روز کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں 41 مقامات پر دھرنے دیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ٹیم اور حلقہ خواتین کو تاریخی جلسے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنا 29 روز کا ریکارڈ توڑ دیا، ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور اسلام آباد مارچ کی تیاری ہورہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پرسوں اسلام آباد مارچ کا لائحہ عمل بتایا جائے گا جبکہ آج جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کی حکومتی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات ہوئی اور ہم نے پیٹرول ، آئی پی پیز سے متعلقات تمام حجت پوری کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مذاکرات میں ٹال مٹول سے کام لیا اور کوئی فیصلہ نہیں کیا تو یہ آخری مذاکرات ہوں گے،حکومت ایک جانب بات چیت جاری ہے تو دوسری جانب رات کو پیٹرول بم بھی گرائے جاتے ہیں۔