پیٹرول مزید مہنگا ہوگا،وزیر پیٹرولیم نے خبردار کردیا
پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے معاملے پر حکومت پر ایسا دباؤ نہیں ڈالنا چاہیے جس سے ریاستی مفاد متاثر ہو
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید اضافہ بھی ہوسکتا ہے، تاہم عوام حکومت پر اعتماد رکھیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے معاملے پر حکومت پر ایسا دباؤ نہیں ڈالنا چاہیے جس سے ریاستی مفاد متاثر ہو۔ ان کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) رواں ماہ جائزے کے لیے پاکستان آ رہا ہے اور وہ اپنی ٹیم کو عوام کے لیے ریلیف کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اوگرا شفاف طریقہ کار کے تحت روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کوئی فیصلہ بغیر سوچے سمجھے نہیں کرتی بلکہ ہر اقدام کے پیچھے ایک وجہ اور پالیسی موجود ہوتی ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے حکومت اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے گیس کے شعبے کو موجودہ صورتحال میں حکومت کی بڑی تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطر سے 30 ملین ڈالر کا گیس کارگو دستیاب نہیں ہو رہا اور اب اسی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے تقریباً 100 ملین ڈالر خرچ کرنا پڑ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 10 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 384 روپے 34 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 41 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 415 روپے 83 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے قیمتوں میں تازہ اضافے کے بعد وفاقی وزیر پیٹرولیم کا مزید اضافے کا عندیہ عوام کے لیے نئی تشویش کا باعث بن گیا ہے۔