راولپنڈی: سہیل آفریدی کا احتجاجی مارچ روکنے کے لیے فیض آباد انٹرچینج سیل ، شدید ٹریفک جام
ایکسپریس وے پر آنے جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ، گاڑیوں کی لمبی لائنیں
فائل فوٹو
راولپنڈی: پولیس نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی اسٹریٹ موومنٹ اور پی ٹی آئی کے احتجاجی مارچ کو روکنے کے لیے فیض آباد کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے، جس کے باعث جڑواں شہروں (راولپنڈی اور اسلام آباد) میں شدید ترین ٹریفک جام ہو گیا ہے۔
راوالپنڈی اور پنجاب پولیس کی جانب سے فیض آباد انٹرچینج اور متبادل راستوں پر شدید ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ مری روڈ اور ایکسپریس وے پر آنے جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ چکی ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کی رہائی اور احتجاج کے سلسلے میں پنجاب میں “سٹریٹ موومنٹ” کا آغاز کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اس تحریک کی قیادت کر رہے ہیں اور گزشتہ دنوں لاہور اور پنجاب کے دیگر حصوں میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان شدید تناؤ دیکھا گیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے۔ تحریک کے شرکا کو روکنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔