سعودی عرب: دہشت گردی کے جرم میں ملوث پاکستانی شہری کو سزائے موت دیدی گئی
سلیمان امجد پر تکفیری اور دہشت گردانہ نظریات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایک غیر ملکی شہری کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہوا تھا۔سعودی وزارت داخلہ
فائل فوٹو
جدہ: سعودی عرب کے علاقے القصیم میں دہشت گردی کے سنگین جرم میں ملوث ایک پاکستانی شہری کو سزائے موت دے دی گئی۔ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سزائے موت پانے والے مجرم کی شناخت سلیمان امجد کے نام سے ہوئی ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ سلیمان امجد پر تکفیری اور دہشت گردانہ نظریات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایک غیر ملکی شہری کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہوا تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ مجرم نجی تحویل میں غیر قانونی اسلحہ رکھے ہوئے تھا اور مزید افراد کو نشانہ بنانے اور قتل کرنے کی خطرناک منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔
کیس کی مکمل سماعت کے بعد متعلقہ عدالت نے مجرم کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا، جسے اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا۔ تمام قانونی مراحل طے ہونے اور شاہی فرمان کے اجرائے بعد مجرم کو القصیم کے علاقے میں کیفر کردار تک پہنچا دیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ مملکت کی سیکیورٹی، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ایسے تمام شرپسند عناصر کے ساتھ سخت ترین قانونی نمٹا جائے گا۔