ایران جنگ پر امریکی وزیر جنگ کے مواخذے کی قرارداد پیش
جیفری ایپسٹین سے متعلق مزید دستاویزات جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا، سپیکر مائیک جانسن نے ایوان نمائندگان کی کارروائی جلد ختم کردی۔
ایران جنگ پر امریکی وزیر جنگ کے مواخذے کی قرارداد پیش (فائل فوٹو)
واشنگٹن: ایران کے خلاف جاری جنگ کے معاملے پر امریکی وزیر جنگ کے مواخذے سے متعلق قرارداد ایوان نمائندگان میں پیش کردی گئی۔
امریکی کانگریس میں ایران جنگ کے ساتھ جیفری ایپسٹین سے متعلق مزید دستاویزات منظرعام پر لانے کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔ اسی دوران ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے ایوان کی کارروائی مقررہ وقت سے پہلے ختم کردی۔
ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے کہا کہ ان کی کوشش ایران جنگ روکنے اور جیفری ایپسٹین کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے ہے۔
تھامس میسی نے اسپیکر مائیک جانسن پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کو جواب دہ بنانے کے لیے کانگریس کی کارروائی آگے بڑھانے سے گریز کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ملک کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے تو ایوان کی کارروائی جلد ختم کرنے کی کیا وجہ ہے۔ میسی کا کہنا تھا کہ طے شدہ شیڈول کے مطابق کارروائی پورا دن جاری رہنی چاہیے اور متعلقہ معاملات پر ایوان میں بحث ہونی چاہیے۔
ایران جنگ اور امریکی انتظامیہ کے اقدامات سے متعلق کانگریس میں اختلافات کے باعث معاملہ سیاسی بحث کا مرکز بنا ہوا ہے۔