حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:دفتر خارجہ

پاکستان مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے۔ اسلام آباد خطے میں پائیدار امن اور تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔

September 17, 2026 · اہم خبریں
حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:دفتر خارجہ

حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:دفتر خارجہ

اسلام آباد: پاکستان نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش اور سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی عرب کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور حرمین شریفین کی سلامتی، زائرین کے تحفظ اور سعودی عرب کی خودمختاری کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کو انتہائی قابل مذمت اقدام قرار دیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے۔ اسلام آباد خطے میں پائیدار امن اور تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کے شہری علاقوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی بھی مذمت کی ہے، جبکہ سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے

دوسری جانب دفتر خارجہ نے 15 ستمبر کو پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں بھارتی بحری جہاز کی مبینہ اشتعال انگیز نقل و حرکت پر بھی بھارت سے احتجاج کیا ہے۔ پاکستان کے مطابق پاک بحریہ کی مشق کے دوران بھارتی بحری جہاز پاکستانی بحری جہاز کے انتہائی قریب آیا، جس کے نتیجے میں دونوں جہازوں کے درمیان رابطہ ہوا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اس واقعے پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، جبکہ نئی دہلی میں پاکستانی ناظم الامور بھی بھارتی وزارت خارجہ کے سامنے پاکستان کا احتجاج درج کرائیں گے۔

پاکستان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارتی بحری جہاز کی یہ نقل و حرکت بین الاقوامی قانون اور 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی خلاف ورزی تھی اور اس سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خطرہ پیدا ہوا۔