کراچی پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث ’پنکی 2‘ گینگ پکڑ لیا

لانڈھی میں کارروائی، کروڑوں کی آئس برآمد، دیور بھابی گرفتار، مرکزی ملزمان فرار

September 18, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی : کورنگی پولیس نے لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی اسمگلنگ اور ملک بھر میں ترسیل میں ملوث ایک بڑے نیٹ ورک کو بےنقاب کرکے 2 اہم ارکان، دیور ذیشان اور اس کی بھابھی حرا کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 19 کلو اعلیٰ کوالٹی کی آئس برآمد ہوئی، جس کی مالیت 25 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق نیٹ ورک کی مرکزی ملزمہ مہوش لاہور میں ہے، جبکہ گرفتار ملزمہ حرا کا شوہر پرویز کراچی میں مفرور ہے۔ پولیس نے اس نیٹ ورک کو ’پنکی کیس ٹو‘ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک فیملی ریکٹ ہے، جس میں حرا کا بیٹا حسنان بھی شامل ہے۔

ملزمان نے آئس کا اپنا برانڈ ’کوبرا 728‘ بنا رکھا تھا، جبکہ منشیات افغانستان سے اسمگل کی جاتی تھی۔ پولیس کے مطابق لانڈھی سے آپریٹ ہونے والا یہ نیٹ ورک ایک بین الصوبائی گروہ سے منسلک تھا۔

ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق پرویز لانڈھی میں ٹائر پنکچر کی ایک دکان سے منشیات کا ریکٹ چلاتا تھا۔ بظاہر معمولی دکان سے کروڑوں روپے کا دھندا کیا جاتا تھا، جبکہ ملزم نے کئی مکانات بھی کرائے پر لے رکھے تھے۔

پولیس کے مطابق مہوش لاہور میں موجود ہے، جبکہ پرویز کراچی نیٹ ورک کا سربراہ تھا۔ منشیات کے اس نیٹ ورک میں حرا کا بیٹا حسنان بھی شامل تھا۔ پولیس نے بتایا کہ نیٹ ورک کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، جہاں صابر نامی منشیات کا اسمگلر بھی اس کا حصہ تھا اور تمام منشیات افغانستان سے منگوائی جاتی تھیں۔

ملزمان ’کوبرا 728‘ کے نام سے اپنا خاص منشیات کا برانڈ ملک بھر میں سپلائی کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق وہ 20، 20 کلو منشیات کوریئر اور گاڑیوں کے ذریعے منگواتے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ حرا موبائل فون استعمال نہیں کرتی تھی بلکہ اپنی بیٹی کے موبائل فون میں بزنس واٹس ایپ استعمال کرکے لاہور میں موجود مہوش سے رابطے میں رہتی تھی۔

ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے کہا کہ کراچی پولیس کو منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف بڑی کامیابی ملی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پولیس منشیات فروش گروہوں کے خلاف عملی اقدامات کررہی ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے منشیات فروشی میں ملوث بین الصوبائی گینگ کے خلاف کامیاب کارروائی پر کورنگی پولیس کو شاباش دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ سندھ حکومت منشیات فروشوں کا بلا تفریق قلع قمع کرے گی۔