حوثی حملوں کے مقابلے کیلئے سعودی مفتیِ اعظم کی افواج کو اللہ پر توکل کی تلقین

ملک کا دفاع مقدس فریضہ ہے، اتحاد برقرار رکھیں، شیخ صالح بن فوزان الفوزان کا اہم بیان

September 25, 2026 · بام دنیا
شیخ صالح بن فوزان الفوزان

شیخ صالح بن فوزان الفوزان

سعودی عرب کے مفتیِ اعظم اور چیئرمین مجلسِ علماء کے سربراہ شیخ صالح بن فوزان الفوزان نے حوثی حملوں کے مقابلے میں سعودی اور اتحادی افواج کو ثابت قدم رہنے اور اپنے صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھنے کی تلقین کی ہے۔

سعودی مفتیِ اعظم نے حوثی گروہ کو سعودی عرب کے امن و استحکام کیلئے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے ان کی تمام عسکری کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے محاذ پر برسرپیکار سعودی فوجیوں اور اتحادی افواج کو ہدایت کی کہ وہ متحد ہوکر دشمن کے حملوں کا بھرپور مقابلہ کریں اور ملک و قوم کے دفاع کیلئے انجام دی جانے والی اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مفتیِ اعظم نے سکیورٹی اہلکاروں کو اپنے مشن کی انجام دہی کے دوران صبر، استقامت اور عزم صمیم کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اہلکار اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اللہ تعالیٰ پر مکمل توکل رکھیں، کیونکہ یہی کامیابی کا واحد راستہ ہے۔