آزاد کشمیر میں گریڈ 16 سے 22 تک کے سرکاری ملازمین کی فلاحی گرانٹ میں اضافہ

اہم ترامیم کا نفاذ، الوداعی امداد کی منظوری، ماہانہ چندے کی حد مقرر، نوٹیفکیشن جاری

September 25, 2026 · اہم خبریں
آزاد کشمیر میں سرکاری ملازمین کے فلاحی فنڈ سے متعلق نوٹیفکیشن اور دستاویز کا منظر

آزاد کشمیر میں سرکاری ملازمین کے فلاحی فنڈ سے متعلق نوٹیفکیشن اور دستاویز کا منظر

آزاد جموں و کشمیر کے سرکاری ملازمین کے لیے فلاحی اقدامات کے تحت محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے گریڈ 16 سے 22 تک کے ملازمین کی فلاحی گرانٹ اور امداد میں نمایاں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

دستاویز کے مطابق آزاد جموں و کشمیر ایمپلائز بینیوولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس ایکٹ 1971 کی دفعہ 23 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے فلاحی فنڈ کے قواعد میں اہم ترامیم کی گئی ہیں۔ نئے قواعد کی رو سے ہر جریدہ سرکاری ملازم اپنی بنیادی تنخواہ کا 2 فیصد ماہانہ فلاحی فنڈ میں جمع کرائے گا، جبکہ اس ماہانہ چندے کی زیادہ سے زیادہ حد 2 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ گریڈ 16 سے 22 تک کے جریدہ ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے وقت ایک بنیادی تنخواہ کے مساوی الوداعی امداد فراہم کی جائے گی۔ یہ سہولت مقررہ عمر کی تکمیل پر ریٹائر ہونے والے ملازمین کے ساتھ ساتھ 25 سالہ قابلِ شمار ملازمت کا عرصہ پورا کرنے والے ملازمین کو بھی دی جائے گی۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے مطابق فلاحی فنڈ سے ادا کی جانے والی ماہانہ امداد کی شرح میں بھی 20 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، اور فرسٹ شیڈول کے سلسلہ نمبر 1 سے 10 تک درج ماہانہ فلاحی گرانٹ کی رقوم میں بھی یہ اضافہ لاگو ہوگا۔ یہ تمام ترامیم آزاد جموں و کشمیر ایمپلائز بینیوولنٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس رولز 1972 کے تحت کی گئی ہیں۔