بھارت میں چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ، احتجاجی مظاہرین گرفتار
اہم پیش رفت، نئی دہلی میں مظاہرین پر پولیس کا دھاوا، متعدد افراد زیر حراست ہوں گے۔
نئی دہلی میں جنتر منتر پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف احتجاج اور پولیس کی کارروائی کا منظر
نئی دہلی میں جنتر منتر کے مقام پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے دھاوا بول دیا ہے، جہاں طلبہ رہنما نیہا بورا اور یوگیندر یادو سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ احتجاج ایک اخباری رپورٹ کے سامنے آنے کے بعد شدت اختیار کر گیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے دو ارکان نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران کم از کم 14 مرتبہ ووٹر فہرستوں میں تبدیلیوں کے عمل پر سوالات اٹھائے تھے۔
رپورٹس کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر استعفیٰ دیں، ورنہ ملک بھر میں غیر معینہ مدت کا دھرنا شروع کیا جائے گا۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ چیف الیکشن کمشنر نے مبینہ طور پر ووٹر لسٹوں میں ردوبدل کر کے حکمران جماعت کو فائدہ پہنچایا ہے۔ ادھر اپوزیشن جماعتوں اور سول سوسائٹی کے حلقوں نے بھی اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ الیکشن کمیشن نے اپنے دفاع میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ تمام اقدامات قانون کے مطابق اور معمول کے انتظامی امور کا حصہ ہیں۔