فیلڈ مارشل کی سعودی وزیرِ دفاع سے ملاقات،دفاعی تعاون جاری رکھنے کا عزم

ملاقات کے دوران مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت اور تینوں ممالک کے سربراہانِ افواج کے حالیہ اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیا گیا

September 26, 2026 · اہم خبریں, قومی
فیلڈ مارشل کی سعودی وزیرِ دفاع سے ملاقات؛ دفاعی تعاون جاری رکھنے کا عزم (فوٹو سوشل میڈیا ایکس)

فیلڈ مارشل کی سعودی وزیرِ دفاع سے ملاقات؛ دفاعی تعاون جاری رکھنے کا عزم (فوٹو سوشل میڈیا ایکس)

ریاض: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت اور تینوں ممالک کے سربراہانِ افواج کے حالیہ اجلاس کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عسکری حکام نے معاہدے کے دائرہ کار میں دفاعی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دونوں جانب سے سعودی عرب میں مکہ مکرمہ سمیت شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حالیہ حملوں اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت رکن ممالک کے درمیان تعاون اور مشترکہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

سعودی وزارت دفاع کے مطابق معاہدے میں شامل ممالک کے عسکری سربراہان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ 7 اگست 2026 کو پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پایا تھا، جس کے تحت کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملے کو تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کرنے کا اصول شامل ہے۔