تعز میں مبینہ سعودی حملے میں 38 افراد ہلاک- ہم نے کارروائی کی، یمنی حکومت

حوثی فوجی کیمپ کو نشانہ بنایا گیا، 4 ایرانی شہری بھی مارے گئے، یمنی حکومت کا بیان

September 28, 2026 · بام دنیا
تعز میں مبینہ سعودی حملے میں 38 افراد ہلاک- ہم نے کارروائی کی، یمنی حکومت

تعز میں مبینہ سعودی حملے میں 38 افراد ہلاک- ہم نے کارروائی کی، یمنی حکومت

یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے صوبہ تعز میں سعودی عرب کے ایک حملے میں 38 افراد مارے گئے ہیں جن میں 30 جنگجو اور 8 شہری شامل ہیں تاہم یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کا کہنا ہے کہ خطے میں فوجی کارروائی اس نے کی ہے۔

یمن میں حوثی گروپ کے متعدد ذرائع نے غیرملکی خبر رساں ادارے بتایا کہ اتوار کو تعز کے علاقے میں ہونے والے متعدد فضائی حملوں میں گروپ کے تقریباً 30 جنگجو اور آٹھ شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

جبکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت نے اعلان کیا کہ اس نے علاقے میں حوثیوں کے ایک فوجی کیمپ اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

حوثیوں سے وابستہ ٹی وی چینل المسیرہ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ ایک فضائی حملے میں سات افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے، جس کے بارے میں اس نے کہا تھا کہ یہ حملہ سعودی عرب نے کیا اور ایک بازار کو نشانہ بنایا۔

تاہم بعدازاں چینل نے حوثیوں کی وزارتِ صحت کے حوالے سے بتایا کہ زخمیوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔

حوثیوں کی وزارتِ صحت نے کہا کہ حملے میں تعز صوبے کے مویہ چوراہے پر واقع ایک بازار اور متعدد دکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت نے کہا کہ اس کی فورسز نے اسی چوراہے پر حوثیوں کے ایک کیمپ اور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔

حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے سعودی عرب پر تعز کے مضافات میں ایک بازار کو نشانہ بنانے والے دو فضائی حملے کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں ہلاکتوں اور زخمیوں سمیت تقریباً 50 افراد متاثر ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ اس حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی مسلح افواج کے سرکاری ترجمان کرنل ماجد عبداللہ النزیلی نے اعلان کیا کہ مسلح افواج نے 72 گھنٹوں کے دوران 756 درست اور مؤثر کارروائیاں کیں اور حوثیوں کے 2,316 جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا جن میں چار ایرانی شہری بھی شامل ہیں۔

سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی نئی پیش قدمی روکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

تعز ایک حساس صوبہ ہے جو ملک کے شمال میں یمنی حکومت کے زیرِ کنٹرول علاقوں اور جنوب میں حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں کے درمیان واقع ہے۔