امریکہ میں ہم جنس پرست داماد کو ساس سسر نے باری باری گولیاں مار کر قتل کردیا

نیویارک ٹائمز کا ایگزیکٹو بچوں سے بدسلوکی کے الزام میں گرفتار تھا، ساس سسر کو گرفتار کر لیا گیا۔

September 29, 2026 · چشم حیرت
مقتول اور اس کے ساس سسر

مقتول اور اس کے ساس سسر

امریکہ میں پیش آنے والے ایک لرزہ خیز واقعے میں نیویارک ٹائمز کے ٹہک ایگزیکٹو اور ہم جنس پرست داماد کو اس کے 77 سالہ ساس سسر نے دن دہاڑے پارکنگ لاٹ میں باری باری گولیاں مار کر قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق شو یونگ ژانگ اور شلی چین نامی جوڑے نے کیلیفورنیا کے شہر ڈبلن میں واقع ڈبلن اسپورٹس گراؤنڈز کی پارکنگ لاٹ میں 40 سالہ جوناتھن میک کِنسی کو نشانہ بنایا۔ میک کِنسی 2023 سے نیویارک ٹائمز میں گیمز پلیئر ایکسپیرینس کے ہیڈ آف انجینئرنگ کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے اور واقعہ کے وقت متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

چشم دید گواہوں نے بتایا کہ انہوں نے 2 نقاب پوش حملہ آوروں کو میک کِنسی کے پاس آتے دیکھا جنہوں نے باری باری ان پر فائرنگ کی اور پھر اطمینان سے وہاں سے پیدل چلے گئے۔ پولیس نے تصدیق کی کہ ملزمان کو قریب ہی موجود شواہد کی بنیاد پر ایک سارجنٹ نے پکڑ لیا اور بعد میں پولیس نے انہیں حتحراست میں لے لیا۔ ژانگ اور چین کو الامیڈا کاؤنٹی کی سانتا ریٹا جیل میں بغیر ضمانت کے رکھا گیا ہے اور ان پر قتل، سازش، بچوں کو خطرے میں ڈالنے اور غیر قانونی طور پر اسلحہ چلانے سمیت سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پولیس اس واقعے کے محرکات کی تلاش کر رہی ہے جبکہ عدالتی دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ میک کِنسی اپنی الگ ہونے والی اہلیہ کے ساتھ بچوں کی تحویل کی جنگ لڑ رہے تھے اور ان پر بچوں سے بدسلوکی الزامات بھی عائد تھے۔ دی ایسٹ بے ٹائمز کے مطابق ٹرانس جینڈر ہونے کی وجہ سے میک کِنسی نے عدالت میں دائر کی گئی درخواستوں میں الزام لگایا تھا کہ ان کی ساس نے ان کے اور ان کے ایک بچے کے خلاف ایل جی بی ٹی کیو مخالف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔

مقتول میک کِنسی نے 2010 میں خاتون سے مرد کی حیثیت اختیار کی تھی اور 2011 میں کینڈیس ژانگ سے شادی کی تھی۔ یہ قتل میک کِنسی اور کینڈیس کی طلاق کے کیس کی سماعت سے صرف ایک ہفتہ قبل پیش آیا اور اس جوڑے کے 3 کم سن بچے ہیں۔ کینڈیس نے 2023 میں میک کِنسی کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کرائی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے بچوں میں سے ایک کو دھکا دیا اور ان کے ساتھ جسمانی سختی کی۔ مرکوری نیوز کی حاصل کردہ عدالتی دستاویزات کے مطابق کینڈیس نے الزام لگایا کہ میک کِنسی نے ایک بار بچوں کے کھلونوں پر بحث کے دوران ان کے 6 سالہ بیٹے کے چہرے پر مکا مارا جس سے چہرے پر ہاتھ کے نشان کا بڑا نشان بن گیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ میک کِنسی نے 2018 میں ان کے ساتھ بھی تشدد کیا تھا۔

پولیس کے مطابق اس واقعے کے وقت میک کِنسی پر بچوں کی صحت کو خطرے میں ڈالنے اور جسمانی نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے اور انہیں 50000 ڈالر کے مچلکے پر رہا کیا گیا تھا۔ گزشتہ اکتوبر میں کینڈیس نے ان کے خلاف گھریلو تشدد کا پروٹیکشن آرڈر حاصل کر لیا تھا جس کے جواب میں میک کِنسی نے بھی طلاق اور پروٹیکشن آرڈر کی درخواست دائر کر دی تھی۔ میک کِنسی کا دعویٰ تھا کہ کینڈیس نے 15 سال سے زیادہ عرصے تک ان کے ساتھ زیادتی کی تھی اور ان کے والد نے ان پر اس وقت سینے پر مکا مارا جب وہ سرجری سے صحت یاب ہو رہے تھے۔

ڈبلن پولیس سروسز کے کیپٹن مائیکل کیمپوس نے بتایا کہ تفتیش کے دوران ہم تمام زاویوں سے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس واقعے میں ملوث تمام افراد کی تاریخ اور تعلقات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد گواہ اسد رضاوی نے بتایا کہ انہوں نے پارکنگ لاٹ سے فائرنگ کی آوازیں سنیں اور دیکھا کہ ایک شخص زمین پر گرا ہوا ہے جس کا سر اور سینہ خون سے لت پت تھا۔ ایک اور گواہ نے بتایا کہ انہوں نے ایک مرد اور عورت کو فائرنگ کے بعد پرسکون انداز میں وہاں سے جاتے دیکھا۔ ملزمان ژانگ اور چین کی عدالت میں پیشی بدھ کے روز مقرر کی گئی ہے۔