حوثیوں کے خلاف کارروائی، سعودی اور اماراتی قیادت کی ریاض میں ملاقات
ملاقات میں خطے کی صورتحال اور یمن سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حوثیوں کے خلاف کارروائی، سعودی اور اماراتی قیادت کی ریاض میں ملاقات
یمن کے معاملے پر کئی ماہ سے جاری اختلافات کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کے درمیان ریاض میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ منصور بن زاید النہیان کے درمیان ہوئی، جس میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بھی شریک تھے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورتحال اور یمن سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گزشتہ ایک سال کے دوران سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان یمن کے معاملے پر اختلافات سامنے آتے رہے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے متحدہ عرب امارات پر یمن میں باغیوں کی حمایت کے ذریعے سعودی قومی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔
دوسری جانب سعودی عرب حوثیوں کے خلاف کارروائی کے لیے اپنے بین الاقوامی اتحادیوں سے کئی ہفتوں سے مشاورت کر رہا ہے۔ حوثی گروپ ایران کا اتحادی سمجھا جاتا ہے اور بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ سعودی عرب کے خلاف بحری کارروائیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے یمن میں حوثیوں کے مختلف ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے بھی کیے ہیں۔