مراکش میں تاریخ رقم، پہلی خاتون وزیراعظم مقرر
395 رکنی پارلیمان میں صداقت اور جدیدیت پارٹی نے 97 نشستیں جیتیں، جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی جماعت کو 66 نشستیں ملیں۔
مراکش میں تاریخ رقم، پہلی خاتون وزیراعظم مقرر
مراکش میں سیاسی تاریخ کا اہم باب رقم ہوگیا، شاہ محمد ششم نے فاطمہ زہرا المنصوری کو ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم مقرر کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فاطمہ زہرا المنصوری کی جماعت نے حالیہ پارلیمانی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں۔ 395 رکنی پارلیمان میں صداقت اور جدیدیت پارٹی نے 97 نشستیں جیتیں، جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی جماعت کو 66 نشستیں ملیں۔
پارلیمان میں کسی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کے باعث نئی حکومت کی تشکیل کے لیے فاطمہ زہرا المنصوری کی جماعت کو دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنا ہوگا۔
شاہی کابینہ کے مطابق 50 سالہ فاطمہ زہرا المنصوری کو نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وہ اس سے قبل وزیرِ ہاؤسنگ کے منصب پر فائز رہ چکی ہیں جبکہ مراکش شہر کی میئر بھی رہ چکی ہیں۔
فاطمہ زہرا المنصوری 2009 میں پہلی مرتبہ مراکش شہر کی میئر منتخب ہوئی تھیں اور اس منصب پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بنی تھیں۔ وزیراعظم مقرر ہونے کے بعد وہ مراکش کی پہلی خاتون وزیراعظم بن گئی ہیں۔