قطر کی ثالثی بھی امریکا ایران اختلاف ختم نہ کراسکی،ڈیڈلاک برقرار

دونوں فریق اپنے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ نہیں ہیں

September 30, 2026 · بام دنیا
قطر کی ثالثی بھی امریکا ایران اختلاف ختم نہ کراسکی،ڈیڈلاک برقرار

قطر کی ثالثی بھی امریکا ایران اختلاف ختم نہ کراسکی،ڈیڈلاک برقرار

امریکا اور ایران کے درمیان قطر کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات میں ایک بار پھر کوئی قابلِ ذکر پیشرفت نہیں ہوسکی۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے مذاکرات سے باخبر تین ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں فریق اپنے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ نہیں ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ فوجی کشیدگی بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق قطری ثالث نے نیویارک میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کی ٹیم کے ساتھ کئی گھنٹوں تک بات چیت کی۔ مذاکرات کے دوران قطر کی جانب سے پیش کردہ دو صفحات پر مشتمل سمجھوتے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق قطری تجویز میں ایران کی مبینہ ناکہ بندی ختم کرنے اور ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق ٹھوس رعایتوں کے مطالبات شامل تھے۔

ایگزیوس کے مطابق وائٹ ہاؤس مذاکرات میں پیشرفت کے حوالے سے پرامید تھا، تاہم واشنگٹن کا خیال ہے کہ موجودہ صورتحال میں امریکا کو سمجھوتے کی فوری ضرورت نہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف بڑی فوجی کارروائی کا حکم دینے پر غور کرسکتے ہیں، تاہم یہ ایک رپورٹ شدہ امکان ہے، حتمی فیصلہ نہیں۔