ایران کی بحریہ اور فضائیہ ختم ہوچکی ہے،ٹرمپ کا دعویٰ
امریکا ایک ایسے ملک سے نمٹ رہا ہے جو تقریباً تباہ ہوچکا ہے اور ایرانی معیشت بھی اچھی حالت میں نہیں ہے۔
ایران کی بحریہ اور فضائیہ ختم ہوچکی ہے،ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران شدید معاشی اور فوجی مشکلات سے دوچار ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایک ایسے ملک سے نمٹ رہا ہے جو ان کے بقول تقریباً تباہ ہوچکا ہے اور ایرانی معیشت بھی اچھی حالت میں نہیں ہے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے جبکہ اس کا طیارہ شکن نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں اہم واقعات دیکھنے کو مل سکتے ہیں، تاہم انہوں نے ان ممکنہ واقعات کی نوعیت یا تفصیلات بیان نہیں کیں۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی امریکی صدر نے اپنے سابقہ مؤقف کو دہراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس اہم بحری گزرگاہ کا مکمل کنٹرول امریکا کے پاس ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ گزشتہ تین روز کے دوران آبنائے ہرمز سے گزرنے والی تیل کی کھیپوں کی مقدار امریکی تاریخ میں کسی بھی دوسرے دور کے مقابلے میں زیادہ رہی ہے۔
دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ آبنائے ہرمز پر اس کا کنٹرول برقرار ہے اور حالیہ جنگ سے پہلے جو صورتحال تھی، وہ ابھی بحال نہیں ہوئی۔
ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز کے کنٹرول اور خطے میں فوجی صورتحال سے متعلق دونوں جانب سے مختلف دعوے سامنے آ رہے ہیں، جن کی آزادانہ طور پر مکمل تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔