کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے درمیان جھگڑا،ایک جاں بحق،4 زخمی
زخمی ہونے والے 4 قیدیوں کو فوری طبی امداد کے لیے لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا
کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے درمیان جھگڑا،ایک جاں بحق،4 زخمی
لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں کچن بند ہونے اور لنگر کی فراہمی کے معاملے پر قیدیوں کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا، جس کے نتیجے میں ایک قیدی جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کے مطابق قیدیوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوا، جس میں اشرف نامی قیدی شدید زخمی ہوگیا اور جانبر نہ ہوسکا۔
واقعے میں زخمی ہونے والے 4 قیدیوں کو فوری طبی امداد کے لیے لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق 2 زخمی قیدیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر آئی جی جیل خانہ جات اور پولیس کی نفری اسپتال پہنچ گئی اور زخمی قیدیوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
پولیس کے مطابق جیل انتظامیہ کی جانب سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔