حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کا اگلا دور آج، لانگ مارچ ختم کرنے کا مطالبہ

حکومت نے اپوزیشن پر زور دیا ہے کہ اگر کسی معاملے میں پیش رفت یا رعایت درکار ہے تو مذاکرات میں سنجیدہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔

October 3, 2026 · اہم خبریں, قومی
حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کا اگلا دور آج، لانگ مارچ ختم کرنے کا مطالبہ

حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کا اگلا دور آج، لانگ مارچ ختم کرنے کا مطالبہ

حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا اگلا مرحلہ آج دوپہر شروع ہونے کا امکان ہے، جس میں اہم معاملات پر پیش رفت اور ممکنہ طور پر حتمی فیصلوں پر بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ احتجاج اور بدامنی کے ذریعے کسی قسم کی رعایت حاصل نہیں کی جاسکتی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن پر زور دیا ہے کہ اگر کسی معاملے میں پیش رفت یا رعایت درکار ہے تو مذاکرات میں سنجیدہ رویہ اختیار کرنا ہوگا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران اپوزیشن سے لانگ مارچ کو ملتوی یا ختم کرنے کا باضابطہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سیاسی کشیدگی برقرار رہی تو حکومت آئین کی متعلقہ شقوں کے تحت اقدامات پر غور کرسکتی ہے، جن میں آرٹیکل 232 اور 234 بھی شامل ہیں۔

گزشتہ مذاکراتی نشست کے دوران بعض معاملات پر فریقین کے درمیان اختلافات سامنے آئے اور ماحول بھی کئی مرتبہ کشیدہ ہوا تھا۔ تاہم مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں جانب سے بات چیت جاری رکھنے پر توجہ دی جارہی ہے۔

حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے، جبکہ آج کے مذاکرات میں لانگ مارچ اور دیگر اہم معاملات پر آئندہ کی حکمت عملی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔