حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کا دوسرا دور آج تین بجے ہوگا

مذاکرات اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں ہوں گے، جہاں فریقین ایک دوسرے کو اپنے مطالبات پر جوابات سے آگاہ کریں گے۔

October 3, 2026 · اہم خبریں
حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کا دوسرا دور آج تین بجے ہوگا

حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کا دوسرا دور آج تین بجے ہوگا

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج سہ پہر تین بجے ہوگا۔ مذاکرات اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چیمبر میں ہوں گے، جہاں فریقین ایک دوسرے کو اپنے مطالبات پر جوابات سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے بانی کی بہنوں کی نظر بندی فوری ختم کرنے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر عائد پابندی ختم کرنے اور نجی ہسپتال میں ان کے علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے مطالبات پر فوری طور پر کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ حکومتی وفد نے چار اکتوبر کا لانگ مارچ غیر مشروط طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ حکومت نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فریقین نے باہمی مشاورت کے بعد آج کے مذاکرات میں اپنے جوابات پیش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ حکومتی وفد نے مذاکرات کی صورتحال سے وزیراعظم شہباز شریف کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن وفد نے محمود خان اچکزئی سے ملاقات کرکے مذاکرات کے آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے وفود نے آج ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے لائحہ عمل بھی طے کرلیا ہے۔