جنسی ہراسانی کی شکایات پر بھارتی ہاکی آفیشل کو جاپان سے واپس بھیج دیا گیا
سنگین الزامات، ملائیشین خاتون اور ہوٹل ملازمہ سے بدسلوکی، تحقیقات شروع۔
بھارتی ہاکی امپائر اور ٹیکنیکل آفیشل گُرِندر سنگھ سنگھا۔
بھارتی ہاکی امپائر اور ٹیکنیکل آفیشل گُرِندر سنگھ سنگھا کو جاپان میں جاری ایشین گیمز کے دوران مبینہ جنسی ہراسانی کی شکایات سامنے آنے کے بعد وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناگویا میں قیام کے دوران ان پر ملائیشیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ہاکی عہدیدار اور ہوٹل کی ایک ملازمہ کے ساتھ نامناسب رویے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاکی انڈیا کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ ملائیشین خاتون عہدیدار کی جانب سے باضابطہ شکایت درج کرانے کے بعد سنگھا کو 2 روز قبل بھارت روانہ کر دیا گیا۔ عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن کی تفصیلی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ان کے خلاف مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا اور قصوروار پائے جانے پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
دستاویزات اور میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اس نوعیت کا کوئی معاملہ سامنے آیا ہو۔ سال 2025 میں رانچی میں ہونے والی ہاکی انڈیا لیگ کے دوران بھی ایک خاتون امپائر نے سنگھا کے خلاف شکایت درج کرائی تھی جس کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی تاہم اس وقت مبینہ طور پر کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آ سکے تھے۔