ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ، اہم شاہراہوں پر نقل و حرکت معطل
سکیورٹی خدشات، ڈپٹی کمشنرز کے اعلامیے جاری، سخت حفاظتی اقدامات
ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں دفعہ 144 کے نفاذ اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جاری کردہ احکامات کی عکاسی کرتی تصویری تمثیل۔
تحریک انصاف کے متوقع لانگ مارچ سے ایک روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیوں کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر کے ڈپٹی کمشنرز نے دفعہ 144 کے نفاذ کے احکامات جاری کیے ہیں۔
سرکاری دستاویزات اور اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر میں بارود سے بھری گاڑی کی اطلاع موصول ہونے پر 3 روز کیلئے نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ اسی طرح جنوبی وزیرستان لوئر میں بھی بارود سے لدی گاڑی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر 10 روز کیلئے گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں امن و امان کی نازک صورتحال کے باعث اہم شاہراہوں پر سخت اقدامات کیے گئے ہیں جہاں چار بڑی شاہراہوں پر 3 روز کیلئے ٹریفک اور عام نقل و حرکت معطل رہے گی۔ ادھر ٹانک میں بھی سکیورٹی قافلے کی نقل و حرکت کے پیش نظر 4 شاہراہوں پر 3 روز کیلئے پابندی نافذ کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔

