رونالڈوکی پرتگال قومی ٹیم میں واپسی ان کے اپنے فیصلے سے مشروط،کوچ

اہم پیش رفت، پرتگالی کوچ کا بیان، سوشل میڈیا پر فالوورز میں بڑی کمی۔

October 5, 2026 · اسپورٹس
کرسٹیانو رونالڈو اور پرتگال کے ہیڈ کوچ جارج جیسز

کرسٹیانو رونالڈو اور پرتگال کے ہیڈ کوچ جارج جیسز

 

پرتگال کے فٹبال کوچ جارج جیسز نے واضح کیا ہے کہ نامور اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اگر چاہیں تو وہ دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں اور ان کی واپسی کا فیصلہ خود انہی کے ہاتھ میں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے حال ہی میں نیشنز لیگ کے تربیتی کیمپ سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ ناروے کے خلاف میچ میں وہ متبادل کھلاڑی رہے جبکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ ڈنمارک کے خلاف بھی وہ ابتدائی الیون میں شامل نہیں ہوں گے۔ اس صورتحال کے بعد رونالڈو نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وہ مناسب وقت پر قومی ٹیم چھوڑنے کی وجوہات پرتگالی عوام کے سامنے تفصیل سے بیان کریں گے۔

کوچ جارج جیسز نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ رونالڈو قومی ٹیم میں اپنے شاندار سفر کا اختتام اپنی مرضی کے مطابق کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ رونالڈو اب بھی ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہیں تاہم ٹیم میں ان کی حتمی واپسی کا انحصار خود اسٹار فٹبالر کے اپنے فیصلے پر ہوگا۔ واضح رہے کہ جارج جیسز اس سے قبل سعودی کلب النصر میں بھی رونالڈو کے کوچ رہ چکے ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو اب تک پرتگال کی جانب سے 234 میچز کھیل چکے ہیں اور 146 گول اسکور کیے ہیں جو دونوں عالمی ریکارڈز ہیں۔ انہوں نے پرتگال کو یورو 2016 اور 2 نیشنز لیگ ٹائٹلز جتوانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔

دوسری جانب ٹیم چھوڑنے کے اس واقعے کے بعد پرتگال کی قومی ٹیم کو سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق رونالڈو کے کیمپ چھوڑنے کے بعد پرتگال ٹیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے راتوں رات 20 لاکھ فالوورز کم ہوگئے۔ منتظمین کی جانب سے رات 2 بجے رونالڈو کے ٹیم چھوڑنے کے چند گھنٹوں بعد صبح 10 بجے ان کا مخصوص نمبر 7 کسی اور کھلاڑی کو الاٹ کر دیا گیا تھا جس پر دنیا بھر میں موجود رونالڈو کے مداحوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اس اقدام کے بعد پرتگال کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 25 ملین سے کم ہو کر 23 ملین پر آ گئی ہے اور اس میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔