انسان یا روبوٹ؟ وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے ساتھ کھڑی پراسرار خاتون کی حقیقت سامنے آگئی

تصویر نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی تھی، کچھ لوگوں نے خلائی مخلوق بھی قرار دیا

October 12, 2026 · چشم حیرت
انسان یا روبوٹ؟ وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے ساتھ کھڑی پراسرار خاتون کی حقیقت سامنے آگئی

انسان یا روبوٹ؟ وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے ساتھ کھڑی پراسرار خاتون کی حقیقت سامنے آگئی

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ نظر آنے والی ایک خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شدید بحث اور قیاس آرائیوں کا مرکز بن گئی۔ سرخ لباس میں ملبوس اس خاتون کی ظاہری شکل و صورت، چہرے کے غیر معمولی تاثرات، ہاتھوں کی حرکات اور کھڑے ہونے کے مخصوص انداز کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں مختلف نام دینا شروع کر دیے، جن میں روبوٹ، خلائی مخلوق اور مشکوک شخصیت جیسی آراء شامل تھیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس اور دستیاب دستاویزات کے مطابق وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کے ساتھ موجود یہ خاتون دراصل معروف امریکی کاروباری شخصیت اور ٹیکنالوجی کمپنی ڈیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مائیکل ڈیل کی 62 سالہ اہلیہ سوزن ڈیل ہیں۔ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ 7 اکتوبر کو بچوں کے لیے مالی معاونت کے ایک بڑے منصوبے کے سلسلے میں وائٹ ہاؤس پہنچی تھیں۔ اس تقریب کے دوران سوزن ڈیل کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے ان پر دلچسپ تبصرے کیے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مالی معاونت کے منصوبے کے تحت 6 ارب 25 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے تقریباً ڈھائی کروڑ بچوں کے سرمایہ کاری اکاؤنٹس میں فی کس 250 ڈالر جمع کرائے جائیں گے۔ تقریب کے دوران سوزن ڈیل نے بھی مائیکل اینڈ سوزن ڈیل فاؤنڈیشن کے امور پر روشنی ڈالی اور خاندانوں کو ٹرمپ اکاؤنٹس کے لیے رجسٹریشن کرانے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مائیکل ڈیل سے مکالمہ کرتے ہوئے ان کی اہلیہ کے سیاسی منصب کے حصول سے متعلق استفسار کیا اور سوزن ڈیل کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

تاہم انٹرنیٹ صارفین کی بڑی تعداد نے فنڈنگ کے اس اہم منصوبے کے بجائے سوزن ڈیل کے چہرے کی بناوٹ اور نیوٹرل لک پر توجہ مرکوز رکھی۔ بعض صارفین کی جانب سے مذاق، تنقید اور طنز کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں مختلف عجیب و غریب القابات سے نوازا گیا، جو محض سوشل میڈیا صارفین کی ذاتی آراء اور قیاس آرائیوں تک محدود رہے۔