صاحبزادہ فرحان نے ابھیشیک شرما کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا
دو مکمل رکن ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔
صاحبزادہ فرحان نے ابھیشیک شرما کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا
پاکستانی ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارتی بیٹر ابھیشیک شرما کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
صاحبزادہ فرحان نے سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مجموعی طور پر 238 رنز بنائے اور دو مکمل رکن ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی کھلاڑی ابھیشیک شرما کے پاس تھا، جنہوں نے رواں سال افغانستان کے خلاف ہوم سیریز میں 229 رنز اسکور کیے تھے۔
پاکستانی کپتان نے اپنی سرزمین پر پہلی سیریز کو یادگار بناتے ہوئے تینوں میچوں میں نصف سنچریاں بنائیں۔ انہوں نے 79.33 کی اوسط اور 165.27 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز اسکور کیے، جس پر انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
صاحبزادہ فرحان نے سیریز کے پہلے میچ میں 53 گیندوں پر 89 رنز کی ناقابلِ شکست اور فیصلہ کن اننگز کھیلی، جس کی بدولت پاکستان نے 183 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ان کی مسلسل عمدہ کارکردگی نے پاکستان کو سیریز میں کامیابی دلانے کے ساتھ عالمی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک نیا اعزاز بھی دلا دیا۔