لاہور میں موسلادھار بارش، سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک متاثر
نمازِ فجر کے بعد گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے
لاہور میں موسلادھار بارش، سڑکوں پر پانی جمع، ٹریفک متاثر
لاہور: لاہور اور گردونواح میں نمازِ فجر کے بعد گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم سرد اور خوشگوار ہوگیا جبکہ مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔
بارش کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19 اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں وقفے وقفے سے مزید چند گھنٹے بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی کے لیے متعلقہ اداروں کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ سرگرم ہے۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو سڑکوں پر پھسلن کے باعث احتیاط سے سفر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
موٹروے پولیس سینٹرل ریجن کے ترجمان کے مطابق بارش کے باعث موٹروے ایم 2، ایم 3، ایم 11 اور قومی شاہراہ این 5 کے مختلف حصوں پر پھسلن پیدا ہوگئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ایم 2 ساؤتھ پر کوٹ مومن سے کالا شاہ کاکو تک، ایم 3 پر فیض پور سے جڑانوالہ اور ننکانہ سے مرید والا تک بارش ہوئی ہے، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کے مختلف مقامات پر بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ قومی شاہراہ این 5 کے اوکاڑہ سیکٹر میں بارش اور ہلکی بوندا باندی ہوئی۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں اور اچانک بریک لگانے سے گریز کریں تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جاسکے۔