مغربی یروشلم میں کولمبیا کا سفارت خانہ، عرب ممالک کا شدید ردعمل

یروشلم کی قانونی یا تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششیں قابل قبول نہیں، وزارت خارجہ اردن

October 15, 2026 · بام دنیا
مغربی یروشلم میں کولمبیا کا سفارت خانہ، عرب ممالک کا شدید ردعمل

مغربی یروشلم میں کولمبیا کا سفارت خانہ، عرب ممالک کا شدید ردعمل

اردن، سعودی عرب اور الجزائر نے کولمبیا کی جانب سے مغربی یروشلم میں سفارت خانہ قائم کرنے کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین اور شہر کی تاریخی و قانونی حیثیت کے منافی قرار دیا ہے۔

اردن کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اس اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یروشلم کی قانونی یا تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششیں قابل قبول نہیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ شہر کی حیثیت سے متعلق یک طرفہ فیصلے غیر قانونی اور بے بنیاد ہیں۔

اردن کی وزارت خارجہ کے مطابق خطے میں منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ 4 جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔

دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بھی کولمبیا کے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور متعلقہ عالمی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اس معاملے پر عرب ممالک کے اعتراضات ایک بار پھر یروشلم کی حیثیت اور فلسطینی ریاست کے دارالحکومت سے متعلق جاری سفارتی اختلافات کو نمایاں کرتے ہیں۔