خلیج عمان میں ایرانی حمایت یافتہ کشتی تباہ کرنے کا امریکی دعویٰ

مذکورہ کشتی ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ تھی اور امریکی بحری جہازوں کے خلاف انٹیلی جنس معلومات اور اہداف کی نشاندہی کا کام کر رہی تھی۔

October 15, 2026 · بام دنیا
خلیج عمان میں ایرانی حمایت یافتہ کشتی تباہ کرنے کا امریکی دعویٰ

خلیج عمان میں ایرانی حمایت یافتہ کشتی تباہ کرنے کا امریکی دعویٰ

خلیج عمان میں امریکی افواج نے ایرانی حمایت یافتہ کشتی تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج نے 6 اکتوبر کو خلیج عمان میں ایک روایتی کشتی کو تباہ کیا، جو امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں کی نگرانی اور انہیں نشانہ بنانے کے لیے معلومات فراہم کرنے میں ملوث تھی۔

سینٹ کام کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان اور ویڈیو میں کہا گیا کہ مذکورہ کشتی ایران کی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ تھی اور امریکی بحری جہازوں کے خلاف انٹیلی جنس معلومات اور اہداف کی نشاندہی کا کام کر رہی تھی۔

امریکی فوج نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ گزشتہ سات ماہ کے دوران ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خطے کے سمندری راستوں سے گزرنے والے تجارتی جہازوں اور امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں کو نشانہ بنانے کی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

سینٹ کام کا کہنا ہے کہ کارروائی سے قبل کشتی میں سوار تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔ بیان کے مطابق عملے کے ارکان کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیجنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

امریکی فوج نے اس کارروائی کو خطے میں بحری سلامتی برقرار رکھنے اور امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔ تاہم، یہ تفصیلات امریکی فوج کے دعوے پر مبنی ہیں۔