پاکستان اور انگلینڈ کا میچ چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے مختص

یہ مقابلہ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کا حصہ ہوگا۔

October 18, 2026 · اسپورٹس
پاکستان اور انگلینڈ کا میچ چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے مختص

پاکستان اور انگلینڈ کا میچ چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے مختص

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مقابلہ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کا حصہ ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میچ کے موقع پر پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، جن کا مقصد چھاتی کے سرطان سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور بروقت تشخیص کی اہمیت کو نمایاں کرنا ہے۔

اس موقع پر پاکستانی ٹیم خصوصی گلابی کٹ زیب تن کرے گی، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کو بھی گلابی ربن پہننے کی دعوت دی جائے گی۔ میچ کے دوران گلابی اسٹمپس استعمال کیے جائیں گے اور اسٹیڈیم کی بڑی اسکرینوں سمیت ایل ای ڈی بورڈز پر آگاہی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق پنک ربن مہم کی سرگرمیوں کا آغاز میچ شروع ہونے سے دو گھنٹے قبل قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اس مہم کے لیے خصوصی گلابی شرٹس بھی متعارف کرائی گئی ہیں، جو 19 اکتوبر سے اسٹیڈیم میں پی سی بی کی مرچنڈائز شاپ اور آن لائن دستیاب ہوں گی۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ کرکٹ کی مقبولیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل علی عدنان زیدی نے شائقینِ کرکٹ سے اپیل کی کہ وہ پنک ربن مہم میں حصہ لیں اور بروقت تشخیص و اسکریننگ کی اہمیت سے اپنے خاندانوں اور معاشرے کو آگاہ کریں۔