مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے
دورے کے دوران ڈاکٹر محمد معیزو صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے
مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد: مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20 سے 22 اکتوبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر آئیں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
صدر مالدیپ کے ہمراہ خاتونِ اول ساجدہ محمد اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچے گا۔ دورے کے دوران ڈاکٹر محمد معیزو صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ صدرِ مملکت کی جانب سے ان کے اعزاز میں سرکاری عشائیے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مالدیپ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
مذاکرات میں صحت، تعلیم، زراعت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ روابط کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ اس کے علاوہ بحری سلامتی، موسمیاتی تبدیلیوں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر محمد معیزو علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی بات چیت کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان مالدیپ بزنس فورم کا انعقاد بھی متوقع ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے کسی صدر کا 11 سال بعد پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ رواں سال پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 60 سال مکمل ہو رہے ہیں۔