مالدیپ کی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئیں

صدر ڈاکٹر محمد معیزو بھی آج پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران ان کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوگی

October 20, 2026 · قومی
مالدیپ کی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئیں

مالدیپ کی وزیر خارجہ اسلام آباد پہنچ گئیں

اسلام آباد: مالدیپ کی وزیر خارجہ اریتھشام آدم کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام کے ہمراہ صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے سرکاری دورۂ پاکستان سے قبل اسلام آباد پہنچ گئیں۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر مالدیپ کی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا استقبال دفتر خارجہ کے ترجمان، ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک، پاکستان میں مالدیپ کے ہائی کمشنر اور مالدیپ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو بھی آج پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران ان کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہوگی، جبکہ صدر پاکستان ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

مالدیپ کے صدر وزیراعظم شہباز شریف سے علیحدہ ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔