ایران پر نئے حملے کا منصوبہ؟امریکی وزیر دفاع غیراعلانیہ دورے پر اسرائیل پہنچ گئے
ہیگسیٹ نے پیر کے روز اسرائیل کا دورہ کیا اور نیتن یاہو سے ملاقات کی،سرائیلی حکام
ایران پر نئے حملے کا منصوبہ؟امریکی وزیر دفاع غیراعلانیہ دورے پر اسرائیل پہنچ گئے
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹ نے اسرائیل کے غیر اعلانیہ دورے کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ایران کی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، تین اسرائیلی حکام نے بتایا کہ ہیگسیٹ نے پیر کے روز اسرائیل کا دورہ کیا اور نیتن یاہو سے ملاقات کی۔ تاہم حکام نے اس ملاقات میں ہونے والی گفتگو کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
رپورٹ کے مطابق، اس ملاقات کی خبر سب سے پہلے امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس نے دی تھی۔ پینٹاگون نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے بھی فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
پیٹ ہیگسیٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے زیرِ انتظام علاقے میں تعینات امریکی فوجیوں سے ملاقات کی۔ اس کمانڈ کے دائرۂ اختیار میں مشرق وسطیٰ، شمال مشرقی افریقہ اور ایشیا کے بعض حصے شامل ہیں۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق، نیتن یاہو اور امریکی وزیر دفاع کی ملاقات اسرائیل کے جنوبی صحرا میں واقع ایک فضائی اڈے پر ہوئی۔
ایران کے معاملے پر ہونے والی اس ملاقات کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں، تاہم یہ دورہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔