ایران کا امریکا کو دوٹوک پیغام، ’مارو اور بھاگ جاؤ‘ کا زمانہ بدل چکا، اسماعیل بقائی
امریکا کا ماضی معاہدوں کی خلاف ورزیوں سے بھرا پڑا ہے، تاہم ایران اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا
ایران کا امریکا کو دوٹوک پیغام، ’مارو اور بھاگ جاؤ‘ کا زمانہ بدل چکا، اسماعیل بقائی
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ’مارو اور بھاگ جاؤ‘ کا زمانہ نہیں رہا، ایران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سفارتکاری کے ساتھ فوجی ذرائع بھی استعمال کرے گا۔
پریس بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کا ماضی معاہدوں کی خلاف ورزیوں سے بھرا پڑا ہے، تاہم ایران اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور اپنے مفادات کا دفاع جاری رکھے گا۔
انہوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عدم استحکام کا ذمہ دار اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہی پالیسیوں کے باعث خطے میں بحران کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
روسی وزیر خارجہ کے دورے سے متعلق سوال پر اسماعیل بقائی نے وضاحت کی کہ یہ دورہ معمول کی مشاورت کا حصہ تھا۔ ان کے مطابق روسی وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں جوہری مذاکرات شامل نہیں تھے۔