ایران کے ساتھ امن معاہدہ مشکل ہے،مارکو روبیو
آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند ہونے تک امریکا ایران پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھے گا۔
ایران کے ساتھ امن معاہدہ مشکل ہے،مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے تک پہنچنا ایک مشکل مرحلہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند ہونے تک امریکا ایران پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھے گا۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مارکو روبیو نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی صورتحال پر بات کی۔ ان کے مطابق اس اہم سمندری راستے سے تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت جنگ سے پہلے کی سطح کے 80 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے، تاہم ایران امریکی دعوؤں کی تردید کرتا رہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے آبنائے ہرمز میں جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ایران سے حملے روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے گزشتہ روز اطلاع دی تھی کہ آبنائے ہرمز میں دو ٹینکرز بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئے تھے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔