سانگھڑ میں ایک شخص نے 4 راہ گیروں کو کاٹ لیا
زخمیوں کوطبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ڈاگ بائٹ ویکسین بھی لگائی گئی , واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی
فائل فوٹو
سانگھڑ : سانگھڑ میں انوکھا واقعہ، انسان نے انسان کو کاٹ لیا،4 افراد کو زخمی کر دیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق سانگھڑ، پہلے کتا انسان کو کاٹتا تھا، اب انسان ہی انسان کو کاٹنے لگا اور یہ واقعہ سانگھڑ شہر میں ایک نجی بینک کے سامنے پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر4 افراد کو کاٹ کر زخمی کر دیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے، زخمیوں کی شناخت سانول یونس، یاسین انور کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دو نامعلوم بھی شامل ہیں۔
زخمیوں کے مطابق وہ نجی بینک کے سامنے کھڑے تھے کہ اچانک ایک شخص وہاں آیا اور انہیں زور سے کاٹ کر موقع سے فرار ہوگیا، واقعے کے بعد دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہیڈ کوارٹر اسپتال سانگھڑ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ڈاگ بائٹ ویکسین بھی لگائی گئی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے ،سانگھڑ میں پیش آنے والے اس انوکھے واقعے نے شہریوں کو حیران کردیا ہے، ایک جانب آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں، تو دوسری جانب انسان کی جانب سے انسان کو کاٹنے کا یہ واقعہ بھی شہر میں موضوعِ بحث بن گیا ہے۔