لانا ذکی نسیبہ اقوام متحدہ کی سیکریٹری جنرل کی امیدوار بن گئیں

2013 سے 2024 تک اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل مندوب کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں

October 22, 2026 · بام دنیا
لانا ذکی نسیبہ اقوام متحدہ کی سیکریٹری جنرل کی امیدوار بن گئیں

لانا ذکی نسیبہ اقوام متحدہ کی سیکریٹری جنرل کی امیدوار بن گئیں

متحدہ عرب امارات نے اپنی وزیر مملکت لانا ذکی نسیبہ کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے باضابطہ امیدوار نامزد کردیا ہے۔

یو اے ای کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور کو خطوط ارسال کرکے اس نامزدگی کا اعلان کیا۔

لانا ذکی نسیبہ ایک سینئر اماراتی سفارت کار ہیں، جو 2013 سے 2024 تک اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل مندوب کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی اماراتی خاتون تھیں۔

اپنے سفارتی کیریئر کے دوران انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی نائب صدر اور یو این ویمن کے ایگزیکٹو بورڈ کی سربراہ کے طور پر بھی کام کیا۔ اس کے علاوہ 2022 اور 2023 میں متحدہ عرب امارات کی سلامتی کونسل میں رکنیت کے دوران وہ دو مرتبہ کونسل کی صدر بھی رہیں۔

لانا ذکی نسیبہ بین الاقوامی امن و سلامتی، انسانی امداد، پائیدار ترقی اور کثیرالجہتی سفارت کاری کے معاملات میں بھی سرگرم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ وہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی معاون وزیر برائے سیاسی امور کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

تعلیمی اعتبار سے لانا ذکی نسیبہ نے یونیورسٹی آف کیمبرج سے تاریخ میں بیچلرز اور ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں، جبکہ یونیورسٹی آف لندن کے اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز سے اسرائیلی اور یہودی ڈائسپورا اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔

اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق سیکریٹری جنرل کا تقرر جنرل اسمبلی کرتی ہے، تاہم اس کے لیے سلامتی کونسل کی سفارش ضروری ہوتی ہے۔ اس لیے یو اے ای کی نامزدگی کے بعد حتمی تقرری کا فیصلہ اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کے طریقہ کار کے تحت ہوگا۔