پاکستان کشمیریوں کی حفاظت کر رہا ہے،فاروق عبداللہ کا بیان، بی جے پی کا سخت ردعمل

بارہ مولہ میں خطاب،کشمیریوں پر حقوق کے لیے متحد ہونے پر زور، بھارتیہ جنتا پارٹی نے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا

October 24, 2026 · بام دنیا

فوٹو: اے این آئی

مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہر موقع پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حفاظت کر رہا ہے۔

بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے سوال کیا کہ کیا لوگوں کو دہلی حکومت سے یہ امید ہے کہ وہ انہیں انصاف فراہم کرے گی؟

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے حقوق کے لیے متحد ہونا ہوگا اور ان میں بھارتی حکومت کا مقابلہ کرنے اور اس کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے کی ہمت ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو کشمیریوں کا وجود، نام و نشان اور شناخت ختم ہوجائے گی اور کوئی انہیں یاد تک نہیں رکھے گا۔

فاروق عبداللہ نے کہا کہ پاکستان مسلسل مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہا ہے اور ہر جگہ یہ مؤقف پیش کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر اب تک حل نہیں ہوا۔ ان کے بقول پاکستان کشمیریوں کی حفاظت کر رہا ہے، ورنہ بھارت کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں۔ وہ کہتے کچھ ہیں، لیکن کرتے اس کے برعکس ہیں۔

نیشنل کانفرنس کے سربراہ نے کہا کہ کشمیریوں میں سچ کا ساتھ دینے اور اس پر ڈٹ جانے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔ سچ بولنا آسان نہیں ہوتا، لیکن جب تک سچ نہیں بولا جائے گا اور اس پر مضبوطی سے قائم نہیں رہا جائے گا، مستقبل محفوظ نہیں ہوسکتا۔

بی جے پی کا سخت ردعمل، معافی کا مطالبہ

دوسری جانب فاروق عبداللہ کے بیان پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کے صدر ست شرما نے فاروق عبداللہ سے بھارتی عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فاروق عبداللہ کو پاکستان سے اتنی ہی گہری محبت ہے تو انہیں پاکستان جا کر وہاں آباد ہوجانا چاہیے۔