سوڈان:نیالا کے بازار پر ڈرون حملہ، 21 افراد ہلاک، 40 سے زائد زخمی

حملہ پیر کی رات تقریباً 8 بجے شہر کے شمالی حصے میں واقع ایک بازار پر کیا گیا

October 27, 2026 · بام دنیا
سوڈان:نیالا کے بازار پر ڈرون حملہ، 21 افراد ہلاک، 40 سے زائد زخمی

سوڈان:نیالا کے بازار پر ڈرون حملہ، 21 افراد ہلاک، 40 سے زائد زخمی

سوڈان کے مغربی علاقے دارفور کے شہر نیالا میں ایک بازار پر ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق ایک طبی ذریعے اور عینی شاہدین نے کی۔

مقامی رہائشیوں کے مطابق حملہ پیر کی رات تقریباً 8 بجے شہر کے شمالی حصے میں واقع ایک بازار پر کیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس بازار میں نوجوانوں کی بڑی تعداد آتی تھی، جن میں نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز کے جنگجو بھی شامل تھے۔
نیالا کے ایک اسپتال کے طبی اہلکار نے بتایا کہ حملے کے بعد 21 افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئیں، جبکہ 40 سے زائد زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے کتنے جنگجو شامل ہیں۔
نیالا کو دارفور میں ریپڈ سپورٹ فورسز کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔ سوڈان میں جاری لڑائی کے دوران مختلف علاقوں میں فضائی اور ڈرون حملوں کے باعث شہری آبادی کو مسلسل خطرات کا سامنا ہے۔
تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی فریق نے قبول نہیں کی اور نہ ہی حملہ کرنے والے فریق کی شناخت سامنے آئی ہے۔