کنٹرول سینٹر کا ’ناقابلِ فہم‘ فیصلہ ٹرینوں کے درمیان تصادم کا باعث بنا ، ہسپانوی وزیرِ ٹرانسپورٹ
ایک کمپیوٹر خرابی کے باعث ابتدائی طور پر چلتی ہوئی چھ ٹرینیں روک دی گئی تھیں، جن میں وہ دو ٹرینیں بھی شامل تھیں جو بعد میں آپس میں ٹکرا گئیں ،پوینتے
فوتو سوشل میڈیا
میدرڈ: ہسپانوی وزیرِ ٹرانسپورٹ آسکر پوینتے نے سپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے جنوب میں اوردا کے قریب پیش آنے والے ٹرین حادثے کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ ’واقعی ناقابلِ یقین‘ ہے۔
پوینتے کے مطابق ایک کمپیوٹر خرابی کے باعث ابتدائی طور پر چلتی ہوئی چھ ٹرینیں روک دی گئی تھیں، جن میں وہ دو ٹرینیں بھی شامل تھیں جو بعد میں آپس میں ٹکرا گئیں۔
انھوں نے بتایا ’جب نظام میں خرابی پیدا ہوتی ہے تو کنٹرول سینٹر معاملات سنبھال لیتا ہے۔‘ ان کے مطابق بعد ازاں کنٹرول سینٹر نے ہی ٹرینوں کو دوبارہ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا اور اس دوران کوئی رفتار کی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
پوینتے نے کہا کہ یہ فیصلہ ’ناقابلِ فہم حالات میں‘ کیا گیا تھا۔
ان کے بقول اسی فیصلے کے نتیجے میں رینفے کی ٹرین آگے پٹری پر کھڑی ایریو کی ٹرین سے جا ٹکرائی۔
خیال رہے اس واقعے میں اب تک 68 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔