امریکی جوہری تنصیب میں آتشزدگی، ہنگامی حالت نافذ، فضائی پروازوں پر پابندی

سوانا ریور نیشنل لیبارٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر بعد ازاں قابو پالیا گیا، انتظامیہ

October 29, 2026 · بام دنیا
امریکی جوہری تنصیب میں آتشزدگی، ہنگامی حالت نافذ، فضائی پروازوں پر پابندی

امریکی جوہری تنصیب میں آتشزدگی، ہنگامی حالت نافذ، فضائی پروازوں پر پابندی

واشنگٹن: امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں واقع اہم جوہری تنصیب سوانا ریور سائٹ کی ایک لیبارٹری میں آگ لگنے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کردی گئی، جبکہ احتیاطی اقدام کے طور پر متاثرہ مقام کے قریب فضائی پروازوں پر عارضی پابندی بھی عائد کی گئی۔

ترک خبر رساں ادارے انادولو ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ توانائی کی سوانا ریور سائٹ میں بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 39 منٹ پر ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا۔ یہ تنصیب جنوبی کیرولائنا کے شہر ایکن کے قریب واقع ہے۔

تنصیب کی انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ سوانا ریور نیشنل لیبارٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر بعد ازاں قابو پالیا گیا۔ حکام کے مطابق متاثرہ عمارت سے باہر کسی آلودگی کی اطلاع نہیں ملی۔

انتظامیہ نے ابتدائی طور پر واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے ہنگامی ردعمل کی کارروائیاں شروع کرنے کا بتایا تھا۔ دوسری جانب امریکی وفاقی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے مقام پر پیش آنے والے واقعے کو امریکی حکومت کے ایک ’’جوہری واقعے‘‘ کے طور پر بیان کرتے ہوئے عارضی فضائی پابندی نافذ کردی۔

تاہم حکام کی جانب سے تاحال آگ لگنے کی وجہ، کسی ممکنہ مادے کے اخراج کی نوعیت یا مقدار اور کسی شخص کے زخمی ہونے کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

سوانا ریور سائٹ امریکی دفاعی نظام سے منسلک اہم تنصیبات میں شمار ہوتی ہے۔ اس کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق یہ تنصیب 75 برس سے زائد عرصے سے امریکی فوج کے تزویراتی دفاعی مشن میں معاونت کررہی ہے۔